کیا تم اس قوم سے ڈرتے ہو جس پر قرآن میں لعنت ہے؟ تُرک اداکار کا سوال

مشہور و معروف ترک اداکار جلال آل نے فلسطین میں کئی دنوں سے جاری خون ریزی اور مسلسل بمباری پر خاموش تماشائی بنے اسلامی ممالک کے لیے سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔

منگل کے روز اسرائیل کی جانب سے اسپتال پر فضائی حملوں سے صورت حال انتہائی خراب ہوچکی ہے، طبی عملہ بھی اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔

ترک اداکار نے ایسی خطرناک صورتحال میں مسلم ممالک کی خاموشی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر انتہا ئی دکھ اور غم کے عالم میں پوسٹ شیئر کی۔

ترک اداکار کا اپنی پوسٹ میں کہنا تھا کہ ‘اسرائیل! بس بہت ہوگیا، دوسری جنگ عظیم کی تاریخ میں ایک بے مثال نسل کشی ہوئی ہے، ہزاروں بے گناہ لوگوں، عورتوں اور بچوں کو شہید کر دیا گیا۔

انہوں نے اسلامی ریاستوں سے سوال کیا ‘ تم کہاں ہو دنیا کی امیر ترین اسلامی ریاستیں؟ اس نسل کشی کو روکنے کا کب کہو گے؟ کیا تم اس قوم سے ڈرتے ہو جس پر قرآن میں لعنت ہے؟’

جلال آل کا اپنی پوسٹ میں کہنا تھا کہ کہاں ہے اقوام متحدہ؟ کہاں ہیں انسانیت کے محافظ؟، دنیا خاموش ہے، جنیوا کنونشن کہاں ہے؟ خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے کہاں ہیں؟

یاد رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسپتال پر ہونے والے حملے کے باعث 800 سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں، اسرائیلی افواج نے اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکول میں موجود پناہ گزینوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔