ورلڈ کپ: ہاردک پانڈیا بنگلہ دیش کے خلاف انجری کا شکار

آئی سی سی ورلڈکپ  کے 17 ویں مقابلے میں بھارت اور بنگلادیش کے میچ کے دوران آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا انجری کا شکار ہونے کے بعد گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

پونے میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلا دیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بولنگ کی دعوت دی لیکن میچ کے دوران ہاردک پانڈیا گیند روکنے کی کوشش میں پچ پر ہی گر پڑے۔

میچ کے نویں اوورمیں بھارتی آل راؤنڈر پانڈیا نے بنگلادیشی اوپنر لٹن داس کا شاٹ روکنے کیلئے سیدھی ٹانگ بیچ میں لانے کی کوشش  کی لیکن اسی دوران  درد  کے باعث گراؤنڈ میں ہی لیٹ گئے۔

پانڈیا کے درد کی کیفیت کو دیکھتے ہوئے فزیو کو اسٹیڈیم میں بلانا پڑا جس کے بعد  کرکٹر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے، بعد ازاں ہاردک کے اوور کی آخری تین گیندیں ویرات کوہلی نے کروائیں۔

واضح رہے کہ آل راؤنڈر پانڈیا نے بھارت کے پہلے تین ورلڈ کپ میچوں میں 16 اوور کروائیں اور پانچ وکٹ لیے تھے۔