آسٹریلیا کیخلاف پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان

آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ میں پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں کل بنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔ میچ سے قبل پاکستان کے کئی اہم کھلاڑی وائرل انفیکشن کا شکار ہوئے تاہم اچھی خبر ہے کہ اہم کھلاڑیوں کی آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ میں شرکت پر غیر یقینی کے بادل چھٹنے لگے ہیں اور بعض کھلاڑی اس اہم میچ سے قبل صحتیاب ہوکر ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

آؤٹ آف فام شاداب خان کی جگہ اسامہ میر کو آزمانے کا امکان ہے۔

اے آر وائی کے پرگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسپورٹس رپورٹر شاہد ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سارے پلیئرز صحتیاب ہوگئے ہیں، شاہین شاہ آفریدی اور عبداللہ شفیق کا پریکٹس سے قبل ٹمپریچر چیک کیا گیا۔ پاکستان کے لیے اچھی خبریں ہیں۔

شاداب خان کو اگلے میچ میں بٹھانے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ کچھ ایسا ہی لگ رہا ہے کہ شاداب خان کو ورلڈکپ میں اب آرام دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ امکان ہے کہ اگلے میچ کے لیے انھیں ٹیم سے ڈراپ کردیا جائے گا کیوں کہ انکی پرفارمنس اچھی نہیں ہے۔ ان کی جگہ اگلے میچ میں لیگ اسپنر اسامہ میر ٹیم میں آئیں گے۔

سابق قومی کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ ایک سال قبل ہی بتا دیا تھا کہ شاداب ہو یا نواز یہ بولنگ نہیں کر سکتے کیونکہ یہ بالر ہی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاہے شاداب ہو یا نواز ہو یہ 10 اوورز والے بولر نہیں ہیں۔ ہم تو صرف نشاندہی کر سکتے ہیں۔ میں نہ بورڈ کا سربراہ ہوں، نہ چیف سلیکٹر ہم تو آواز اٹھا سکتے ہیں جو بھی پلیئر غلط کھیلتا ہے ہم اس کی نشاندہی کرتے ہیں۔