ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان نے کترینہ کیف کے ساتھ اپنی آئندہ ریلیز ہونے والی فلم ’ٹائیگر 3‘ کے پہلے گانے کی جھلک جاری کر دی۔
فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کے بعد سلمان خان ’ٹائیگر 3‘ میں جلوہ گر ہوں گے جس کی ریلیز رواں سال 12 نومبر کو دیوالی کے دن شیڈول ہے۔ منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں کترینہ کیف بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
سلمان خان نے آج اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے فلم کے پہلے گانے کی پہلی جھلک جاری کی جس میں انہیں کترینہ کیف کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے فوٹو کے کیپشن میں لکھا کہ ’پہلے گانے کی پہلی جھلک!‘
گانے کا عنوان ’لے کے پرابھو کا نام‘ ہے جسے ارجیت سنگھ کی آواز میں پیش کیا جائے گا۔ سُپر اسٹار نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ گانا 23 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ سلمان خان اور ارجیت سنگھ کے درمیان طویل عرصے سے جاری لڑائی اپنے اختتام کو پہنچی اور گلوکار پہلی بار ان کیلیے گانا ریلیز کریں گے۔ انسٹاگرام پوسٹ میں سلمان خان نے یہ بھی لکھا کہ ’یہ ہے ارجیت سنگھ کا پہلا گانا میرے لیے۔‘
رواں ماہ کے شروع میں خبر آئی تھی کہ ارجیت سنگھ کو سلمان خان کے ممبئی میں موجود گھر ’گلیکسی اپارٹمنٹ‘ سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا۔ جیسے ہی اس منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی مداحوں نے یہ کہنا شروع کر دیا تھا کہ ان کی 9 سال پُرانی لڑائی کا خاتمہ ہوگیا۔
سلمان خان اور ارجیت سنگھ کی لڑائی 2014 میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران ہوئی تھی۔ اداکار تقریب کی میزبانی کر رہے تھے اور جب گلوکار اپنا ایوارڈ لینے کیلیے اسٹیج پر آئے تو اداکار نے طنزیہ کہہ دیا ’تُو فاتح ہے!‘ اس پر ارجیت سنگھ نے جواب دیا کہ ’آپ لوگوں نے سُلا دیا تھا۔‘
اس کے بعد سلمان خان کی فلموں ’بجرنگی بھائی جان‘، ’کک‘ اور ’سلطان‘ سے ارجیت سنگھ کے گانے ہٹا دیے گئے تھے۔ 2016 میں ارجیت سنگھ نے اداکار سے معافی مانگی تھی اور فلم ’سلطان‘ میں اپنا گانا برقرار رکھنے کی درخواست کی تھی۔