’اپنے قیدیوں کے بدلے اسرائیلی قیدیوں کا تبادلہ کریں گے‘

حماس کے بیرون ملک سربراہ خالد مشعل نے دوٹوک کہا ہے کہ اپنے تمام قیدیوں کے بدلے اسرائیلی قیدیوں کا تبادلہ کریں گے۔

عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مشعل نے کہا کہ ہمیں صرف اسرائیلی فوجیوں سے سروکار ہے سویلین کو حوالے سے کرنے سے متعلق کئی ممالک کو اپنی تیاری سے آگاہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کافی اسرائیلی فوجی ہیں جس پر ہم مذاکرات کر سکتے ہیں ہم صرف اسرائیلی فوجیوں کا تبادلہ اپنے تمام قیدیوں کے بدلے میں کریں گے۔

خالد مشعل نے کہا کہ اسرائیل ہمیں ختم کرنا چاہتا ہے ہم مزاحمت نہ بھی کریں تو وہ ہمیں مار رہا ہے اسرائیل نہتے فلسطینیوں کو شہید کر رہا ہے عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے جب کہ حماس ایسا نہیں کرتی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ مشکل ضرور ہے لیکن وہ ہمیں شکست نہیں دے سکتے جیسے طالبان نے امریکا کو شکست دی ایسے ہی ہم انہیں شکست دیں گے۔