پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو بڑا ریلیف مل گیا

صنم جاوید

لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو عسکری ٹاور حملہ کیس سے ڈسچارج کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کی رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاری کے کیس کی سماعت ہوئی۔

پولیس نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں صنم جاوید کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا اور صنم جاوید کی عسکری ٹاور حملہ کیس میں شناخت پریڈ کی اجازت مانگی۔

عدالت نے صنم جاوید کی نئے مقدمہ میں شناخت پریڈ کی استدعا مسترد کر دی اور کہا لاہور ہائیکورٹ میں سی سی پی او نے رپورٹ دی ملزمہ کیخلاف 2 کے علاوہ کوئی کیس نہیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ سی سی پی او رپورٹ کی بنیاد پرملزمہ کی نئے مقدمہ میں گرفتاری غیر قانونی ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد صنم جاوید کو دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا ، صنم جاوید کی جناح ہاؤس حملہ اور پولیس کی گاڑیاں جلانے کیسز میں ضمانت ہوچکی ہے۔