اسامہ میر کے کیچ ڈراپ کرنے پر شاہین نے آخر کار خاموشی توڑ دی!

قومی ٹیم کے اسٹرائیک بولر شاہین شاہ آفریدی نے اسامہ میر کے کیچ چھوڑنے پر کہا ہے کہ کیچ ڈراپ ہونا کھیل کا حصہ ہے، اسامہ میر کا پہلا میچ تھا۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے خلاف اہم میچ سے قبل اپنے ایک انٹرویو میں شاہین آفریدی نے کہا کہ کیچ ڈراپ ہونے پر میں کسی پر الزام نہیں لگا سکتا یہ کھیل کا حصہ ہے۔ ٹیم کی حیثیت سے جیتیں گے اور شکست بھی ٹیم کی حیثیت سے قبول کریں گے۔ ہار سے جیتنا سیکھیں گے اتنا ہمارے لیے بہترہوگا۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوا ابھی بھی 5 میچز باقی ہیں، ہم ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کرنے آئے ہیں۔ کوشش ہے کہ ورلڈ کپ میں آئندہ کے میچز جیتیں۔

لیفٹ آرم پیسر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ ایسا ایونٹ ہے جس میں آپ اطمینان سے نہیں بیٹھ سکتے، یہاں کوئی بھی ٹیم کسی کو بھی ہراسکتی ہے۔ افغانستان نے انگلینڈ کو شکست دی ان کے خلاف ہمیں بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔

شاہین شاہ کا ماننا ہے کہ افغانستان کے اسپنرز ورلڈ کلاس ہیں لیکن پاکستان کی بیٹنگ اچھا پرفارم کررہی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف پانچ وکٹیں لینے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں نے مختلف ویری ایشن کے لیے کوشش کیں اور لینتھ کا خیال رکھا جس سے فائدہ ہوا۔

انھوں نے کہا کہ بھارت میں بولر کے لیے ضروری ہے کہ وہ کنڈیشنز سے ہم آہنگی حاصل کرے کیوں کہ یہاں گیند زیادہ سوئنگ نہیں ہوتی نہ پچز میں باؤنس زیادہ ہوتا ہے، تاہم فیلڈنگ اچھی ہو تو یہ فرق ثابت ہوتا ہے۔