بھارتی کمپنی نے اسرائیلی پولیس کیلیے یونیفارم بنانے سے انکار کر دیا

بھارتی کمپنی نے اسرائیلی پولیس کیلیے یونیفارم بنانے سے انکار کر دیا

غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر بمباری کرنے پر اسرائیلی پولیس کیلیے یونیفارم تیار کرنے والی بھارتی کمپنی نے طویل معاہدہ توڑنے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ریاست کیرالہ میں قائم میریان اپیرل کمپنی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اس نے 2015 سے اب تک اسرائیلی پولیس کیلیے 1 لاکھ سے زائد یونیفارم تیار کیے۔

کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر تھامس اولیکل نے بتایا کہ معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ اخلاقی طور پر لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی بمباری سے ہزاروں لوگوں کی اموات نے ہمیں یہ قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔

منیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ معاہدے کے مطابق ہم رواں سال دسمبر تک یونیفارم تیار کرنے کے بعد نیا آرڈر نہیں لیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ امن ہونے کی صورت میں ہم دوبارہ تجارت کرنے پر راضی ہیں۔

میریان اپیرل میں ملازمین کی تعداد 1500 سے زائد ہے جو نہ صرف اسرائیلی پولیس بلکہ فلپائنی فوج اور سعودی حکومت کے حکام کو بھی یونیفارم فراہم کرتی ہے۔