میچ میں شاداب اور رضوان کو کپتان نے کیوں ڈانٹا؟ عمر گل نے بتا دیا

میچ میں شاداب اور رضوان کو کپتان نے کیوں ڈانٹا؟ عمر گل نے دلچسپ قصہ سنا دیا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل نے ایک سیریز کے دوران شاداب خان اور محمد رضوان کی جانب سے کپتان کی موجودگی میں بولرز کو ہدایت دینے کا قصہ سنا دیا۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’دی فورتھ امپائر ایکسپریس‘ میں میزبان فہد مصطفیٰ نے سوال کیا کہ جب ٹیم ڈاؤن ہو اور جب بہت ساری ناکامیاں آپ کو نظر آ رہی ہوں تو کوئی ایک یا دو کھلاڑی ایسے ہوتے ہیں جو ٹیم کو حوصلہ دینے کی کوشش کریں؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ جتنے بھی سینئر کھلاڑی ہوتے ہیں وہ دباؤ کے وقت بولرز سے بات چیت کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بہتر طریقہ یہی ہے کہ کپتان آپ کو ہدایت دے کیونکہ وہ پوری ٹیم کا ذمہ داری ہوتا ہے، لیکن ایک سیریز کے دوران میں قومی ٹیم کے ساتھ تھا جہاں میں نے محسوس کیا اور دیکھا ہے کہ میچ کے دوران شاداب خان اور محمد رضوان نے بولرز کو ہدایت دینے کی کوشش کی تو ان کو کپتان کی جانب سے ڈانٹ پڑی۔

سابق فاسٹ بولر نے بتایا کہ ہو سکتا ہے کہ ان کے دماغ میں کوئی بات ہو یا ان کو منع کیا گیا ہو، عموماً ایسا ہوتا ہے کہ سینئر کھلاڑی کپتان کو مشورہ دیتے ہیں، لیکن شاہد انہوں نے منع کیا ہو کہ یہاں میں کپتان ہوں۔