ممبئی: بالی وڈ کی نامور اداکارہ ملائکہ اروڑا نے اپنے بوائے فرینڈ و اداکار ارجن کپور سے بریک اپ کی خبروں پر بالآخر ردعمل کا اظہار کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور پچھلے چند ہفتوں سے مبینہ علیحدگی کی وجہ سے خبروں میں ہیں، تاہم جوڑے نے معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی۔
ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں ملائکہ اروڑا نے ان خبروں پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ میں اس مقام پر ہوں جہاں مجھے بولنا چاہیے تھا وہاں میں بولی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس معاملے پر وضاحت دینے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ جو کچھ مجھے کہنا چاہیے وہ میں پہلے ہی کہہ چکی ہوں۔
متعلقہ: ملائکہ اروڑا کے مالی اثاثے جان کر ہر کوئی حیران رہ گیا
انٹرویو میں جب ملائکہ اروڑا سے پوچھا گیا کہ کیا وہ یہ محسوس کرتی ہیں کہ ان کی اداکاری کی صلاحیت کو بڑے پیمانے پر استعمال میں نہین لایا گیا؟
اس پر ملائکہ اروڑا نے کہا کہ میں خود کو ایک اداکار کے طور پر نہیں دیکھتی اور نہ کبھی بننا چاہتی تھی، میں نے کبھی بھی کوئی مخصوص کردار کرنے کا انتخاب نہیں کیا۔
بالی وڈ اداکارہ نے واضح کیا کہ اگر انہیں آئندہ موقع ملا اور انہیں لگا کہ وہ کردار کے ساتھ انصاف کر سکتی ہیں تو وہ ضرور کریں گی۔
گزشہ روز ملائکہ اروڑا نے اپنی 48ویں سالگرہ کا جشن منایا۔ انہوں نے انسٹاگرام اس خوبصورت موقع کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ جیسے ہی سورج ایک اور سال پر غروب ہوا میں 48 سال کی ہوگئی۔
کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ میں امن، چاہنے والوں اور سکون کی شکر گزار ہوں جو اس پورے سفر میں میرے ساتھ رہے، یہاں بیٹھ کر ہر لمحہ ایک نرم سرگوشی کی طرح محسوس ہوتا ہے جو مجھے خود کی دریافت اور اندرونی طاقت کی طرف رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
’یہاں ہوا کی پرسکون سرگوشیاں ہیں، سحر انگیز غروب آفتاب جو نئی شروعات کے وعدے کی عکاسی کرتا ہے اور ان لوگوں کی محبت جنہوں نے میری زندگی کو خوبصورت بنایا۔ ایک بار پھر اس زندگی کیلیے شکر گزار ہوں جو مجھے اب تک جینے کو ملی اور آنے والی زندگی کیلیے پر امید ہوں۔‘
ملائکہ اروڑا کی شادی سُپر اسٹار سلمان خان کے بھائی ارباز خان سے 1998 میں ہوئی تھی جبکہ 2017 میں دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد اداکارہ اور ارجن کپور میں قربتیں بڑھ گئیں جبکہ ارباز خان نے اطالوی ماڈل و اداکارہ سے تعلقات قائم کیے۔