بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں شوہر سے طلاق لینے والی لڑکی کے والد نے اس پر جشن منا کر سب کو حیران کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پریم گپتا نامی شخص کی بیٹی ساکشی پر سسرال میں تشدد اور اسے ہراساں کیا جاتا تھا جس کے بعد اس نے شوہر سے طلاق لینے کا فیصلہ کیا۔
ساکشی نے زندگی کا انتہائی مشکل فیصلہ لینے سے قبل والدین سے مشاورت کی جنہوں نے بیٹی کے فیصلے پر آمادگی ظاہر کی اور اس کیلیے عدالت سے رجوع کیا۔
پریم گپتا کسی باراتی کی طرح بھرپور انتظامات کے ساتھ بیٹی کے سسرال پہنچے اور اسے جلوس کی شکل میں گھر واپس لے آئے۔
انہوں نے بتایا کہ بیٹی کی شادی دھوم دھام سے کی تھی، اب سسرال میں اس کے ساتھ کچھ غلط ہوا ہے تو ہمیں اسے عزت کے ساتھ گھر لانا چاہیے کیونکہ بیٹیاں قیمتی ہوتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس غیر معمولی جشن کی ویڈیو کو خوب پسند کیا گیا۔ صارفین پرتم گپتا کے اس عمل کو سراہا رہے ہیں کہ انہوں نے بیٹی کو مشکل وقت میں حوصلہ دیا۔
رواں سال اپریل میں ساکشی کی شادی اسسٹنٹ انجینئر سچن کمار سے ہوئی تھی، لیکن سسرال میں اس کو تشدد اور ہراساں کیا گیا جبکہ متعدد بار گھر سے بھی نکال دیا گیا۔ ساکشی کے والدین نے رشتہ قائم رکھنے کی کوشش کی اور ناکامی پر سخت فیصلہ لیا۔