عاطف اسلم نے دوران کنسرٹ نوٹ پھینکنے والے سے کیا کہا؟

دنیا بھر میں مقبول پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے کنسرٹ کے دوران نوٹ پھینکنے والے کو بہترین نصیحت کردی۔

معروف گلوکار عاطف اسلم ان دنوں امریکہ میں موجود ہیں، جہاں وہ اپنے پرستاروں کو اپنی سریلی آواز سے محظوظ کررہے ہیں۔

ایسے میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کنسرٹ کے دوران ایک شخص عاطف اسلم کی جانب نوٹ پھینکتا ہے جس پر وہ کنسرٹ روک دیتے ہیں۔

عاطف اسلم نے اس موقع پر غصہ کرنے کے بجائے اپنے چاہنے والوں سے کہا کہ وہ اپنے پیسے آکر سمیٹ لیں اور انہیں کسی اچھی جگہ پر عطیہ کردیں۔

پاکستانی گلوکار نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ آپ امیر ہیں لیکن پیسے کو اچھے مقاصد کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے اور اس کی عزت کرنی چاہئے۔ عاطف اسلم کے اس عمل کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے۔