ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو 309 رنز سے ہرا دیا

ورلڈ کپ کے 24ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو 309 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 400 رنز کے تعاقب میں 20.5 اوورز میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

اوپنر وکرم جیت سنگھ کے 25 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

کولن ایکرمین 10، میکس او دود 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، سبرینڈ کو 11 رنز پر مچل مارش نے بولڈ کیا، باس دی لید 4 رنز پر کپتان پیٹ کمنز کا نشانہ بنے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مچل مارش نے دو، پیٹ کمنز، ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

دہلی میں کھیلے جارہے میچ میں آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنائے اور نیدرلینڈز کو جیت کے لیے 400 رنز کا ہدف دیا تھا۔

گلین میکسویل نے 40 گیندوں پر ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری اسکور کی۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ICC (@icc)

اوپنر ڈیوڈ وارنر نے بھی 104 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، اسٹیو اسمتھ 71 اور مارنوس لبوشین 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے لوگن وین بیک نے تین وکٹیں حاصل کیں، باس دی لیڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ICC (@icc)

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا تھا کہ آج کی پچ بیٹنگ کے لیے ساز گار لگ رہی ہے۔ مسلسل دو میچز جیت کر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور کوشش کریں گے کہ حریف کو بڑا ہدف دے سکیں۔

کینگروز ٹیم دو مسلسل میچ جیت کر ٹیم میں واپس آئی ہے اور آج کی فتح اس کی ٹاپ فور میں پہنچنے کی پوزیشن کو مستحکم بنا سکتی ہے تاہم ڈچ ٹیم کے پاس بھی میگا ایونٹ میں دوسرا اپ سیٹ کرنے کا نادر موقع ہے اس سے قبل گزشتہ ہفتے انہوں نے میگا ایونٹ کی  مضبوط ترین ٹیم جنوبی افریقہ کو نا قابل یقین شکست سے دوچار کیا تھا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ICC (@icc)

ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں آسٹریلیا تاحال نیدر لینڈ کے خلاف نا قابل شکست رہی ہے اور اب تک ہونے والے عالمی میچوں میں کینگروز نے دونوں میچز اپنے نام کیے ہیں۔

دونوں ٹیمیں 16 سال کے طویل عرصے بعد ایک دوسرے سے ون ڈے میچ کھیل رہی ہیں۔