نواز شریف کی اپیلیں بحال ہونے پر پی ٹی آئی کا سخت ردعمل

قوم سیاسی انجینئرنگ کے ایک نئے تجربے کو ہرگز قبول نہیں کرے گی، پی ٹی آئی

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (نپی ٹی آئی) نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی نیب رنفرنسز میں اپیلیں بحال ہونے کے فیصلے پر سخت ردعمل کا اظہار کر دیا۔

پی ٹی آئی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ سزا یافتہ مجرم کی زندگی فراڈ، کرپشن اور غلامی و تابعداری سے عبارت ہے، اقتدار میں آکر گریبان ورنہ پاؤں پکڑنا نواز شریف کا فلسفہ سیاست ہے۔

ترجمان نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف مہران بینک اسکینڈل اور اصغر خان کیس ریکارڈ پر ہے، بے نظیر بھٹو کے خلاف انہوں نے آئی جے آئی بنا کر سیاست کو آلودہ کیا، جاتی امرا کا مجرم وزارت عظمیٰ تک پہنچا تو قومی خزانے کی لوٹ مار کی۔

پی ٹی آئی نے ردعمل میں کہا کہ کرپٹ خاندان کا سیاست میں کردار بڑھتا گیا ان کی تجوریاں بھرتی گئیں، تین دہائیوں پر محیط اقتدار و سیاست کا کچا چٹھا پاناما لیکس میں سامنے آیا، کرپٹ شخص اپنی صفائی میں کاغذ کی ایک رسید تک پیش نہ کر سکا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان بدل چکا ہے عوام مقدمہ اپنے ہاتھ میں لے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے آج نواز شریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کر دیں۔ صدر ڈسٹرکٹ بار اسلام آباد قیصر امام کے مطابق اپیلوں کی بحالی میں کوئی قانونی پیچیدگی نہیں تھی، نواز شریف کی اپیلیں بحال ہونی ہی تھی، قانون واضح ہے تاہم نواز شریف کی ضمانت کے معاملے پر فیصلے میں کیا ہے یہ دیکھنا ہوگا۔

العزیزیہ ریفرنس میں نگراں پنجاب کابینہ نے سابق وزیر اعظم کی سزا معطل کر دی تھی۔ حکومتی ذرائع نے بتایا تھا کہ نگراں حکومت نے کریمنل پروسیجرل کوڈ کے سیکشن 401 کے تحت سزا معطل کی، اس کے تحت حکومت مجرم کی سزا معطل کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔