’لگتا ہے ورلڈ کپ میں ہمارا سفر ختم ہو چکا‘

رواں ورلڈ کپ میں سب سے بدترین کارکردگی دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ہے جو اپنے 5 میں سے چار میچز ہار چکی ہے اور اب ہیڈ کوچ بھی مایوس ہوچکے ہیں۔

بھارت میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا رابن راؤنڈ اب فیصلہ کن مرحلے کی جانب گامزن ہے آئندہ چند میچز سے فائنل فور تک جانے والی ٹیموں کی صورتحال واضح ہو جائے گی۔

اب تک میگا ایونٹ کے 48 میں سے 25 میچز کھیلے جا چکے ہیں اور ٹاپ پر میزبان بھارت موجود ہے جو تاحال نا قابل شکست ہے جب کہ سب سے نا قابل یقین اور بدترین پرفارمنس دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی جانب سے سامنے آئی ہے جو اپنے ابتدائی 5 میچز میں سے 4 ہار کر اپنے لیے مشکلات کا بڑا پہاڑ کھڑا کر چکی ہے۔

انگلش ٹیم کی اس کارکردگی پر ہیڈ کوچ میتھیو موٹ بھی شدید مایوس ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ میرا خیال ہے ورلڈ کپ میں ہمارا سفر اب ختم ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ریاضی دان تو نہیں لیکن ہمارا رن ریٹ ہمارے حق میں نہیں ہے جب کہ دیگر ٹیمیں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ ابھی ہم اپنے وقار کے لیے کھیل رہے ہیں۔

انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ اب تک ورلڈ کپ میں ہماری پرفارمنس غیر معمولی مایوس کن ہے۔ کپتان کی حیثیت سے مستقبل میرے اپنے ہاتھ میں نہیں بلکہ میرے سے اوپر کے لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔

بٹلر نے کہا کہ تین ہفتوں کے دوران اب تک میگا ایونٹ میں جو کچھ ہوا جو سب کے لیے ہی حیران کن ہے اور ہمارے لیے ایک کمزور پوائنٹ ہے۔