سعود شکیل کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کس نے کی؟

سعود شکیل

چنئی: قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل نے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی سے متعلق بتادیا۔

چنئی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.4 اوورز میں 270 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 271 رنز کا ہدف دیا۔

سعود شکیل اور کپتان بابر اعظم نے نصف سنچریاں اسکور کیں، شاداب خان نے 36 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی، محمد رضوان 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مارکو جانسن نے تین جیرالڈ کوئٹزی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اننگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سعود شکیل نے کہا کہ بیٹنگ آرڈر کی تبدیلی کا علم نہیں تھا، فیصلہ مینجمنٹ کا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شروع میں گیند گرپ کررہی تھی، یہ پچ گزشتہ میچ سے بہت مختلف ہے، خوشی ہے کہ نصف سنچری اسکور کی ہے۔

سعود شکیل کا کہنا تھا کہ اس پچ پر اسپنرز کو اچھا باؤنس مل رہا ہے، کوشش کریں گے کہ جلد وکٹیں حاصل کریں اگر جلد وکٹیں حاصل کرلیں تو میچ جیت جائیں گے۔