باران رحمت کے دوران زائرین کا طواف، روح پرور مناظر کی ویڈیو

مکہ مکرمہ اور جدہ میں ان دنوں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث سڑکیں زیب آب آگئیں۔ جبکہ تیز بارش کے دوران بھی زائرین کی جانب سے طواف کا سلسلہ جاری رہا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مسجد الحرام میں عمرہ زائرین بارش کے دوران طواف بھی اپنی عبادات میں مصروف رہے، دوران بارش زائرین نے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

القرآن چینل کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے، جس میں مکہ مکرمہ میں بارش کے دوران طواف اور عمرہ کرنے کے براہ راست مناظر دکھائے گئے ہیں۔

حرمین شریفین انتظامیہ اس حوالے سے متحرک رہی کہ بارش کے دوران عبادت کرتے ہوئے زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے جبکہ بارش کے دوران مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش کو خشک کئے جانے کے عمل کو یقینی بنایا گیا۔

دوسری جانب مکہ المکرمہ میونسپلٹی نے تمام تجارتی مراکز کی انتظامیہ کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ تجارتی مراکز میں ’مصلی‘ (نماز کی جگہ) کا انتظام نہ کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

میونسپلٹی نے کہا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کم از کم ایک ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اس حوالے سے مکہ میونسپلٹی نے وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کی جانب سے جاری کردہ بلدیاتی خلاف ورزیوں کے جرمانوں کے نئے چارٹ پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔