اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ ادارے آئین میں رہ کر کام کریں تو کسی کو مسائل نہیں ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں جاوید لطیف نے کہا کہ ہمارا جو بیانیہ تھا آج بھی اس پر قائم ہیں، چاہتے ہیں ہر ادارہ اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرے، جب سیاسی معاملات میں مداخلت ہوتی ہے تو اس کے نتائج اچھے نہیں ہوتے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ آج نواز شریف مقبولیت کی بلندیوں پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ الگ بات ہے طاقتور حلقوں میں ان قبولیت کی حد پر ہے، طاقتور حلقے بھی مان گئے کہ ان کو نکالنے کا عمل غلط تھا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف سسٹم سے باہر رہیں تو سب کو قبول اور سسٹم میں آ جائیں تو سب کو ناگوار گزرتا ہے، کوئی کسی ڈرائی مشین میں دھل کر آ رہا ہے تو وہ کام ہم نہیں کرتے، کوئی 9 مئی میں ملوث ہے اور دوسری جماعت میں بھی جاتا ہے تو سزا ملنی چاہیے۔
(ن) لیگی رہنما نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے ذمہ داروں کے ساتھ سہولت کاروں کو بھی سامنے لانا چاہیے، ایسے لوگوں کو کٹہرے میں لائیں گے تو مسائل کا خاتمہ ہو جائے گا، فیض آباد دھرنے کے ذمہ داروں کو بھی کٹہرے میں لائیں گے تو اچھا ہوگا، ہماری خواہش ہے مسائل کے ذمہ دار کٹہرے میں آنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا بھی مطالبہ ہے کہ شفاف الیکشن ہونے چاہئیں اور کسی جماعت کو الیکشن سے باہر نہیں رکھنا چاہیے، ایسے لوگوں کو روکنا چاہیے جو الیکشن کے بعد مسلح جتھے بنائیں، دہشتگردوں اور سیاسی جماعتوں میں فرق ہونا چاہیے۔