’ڈک‘ پر آؤٹ ہونے کے بعد کوہلی آپے سے باہر ہوگئے، ویڈیو وائرل

انگلینڈ کے خلاف ’ڈک‘ کی ہزیمت سے دوچار ہونے کے بعد بھارتی بیٹر ویرات کوہلی غصے میں آگئے اور ڈریسنگ روم میں جاکر عجیب حرکت کی۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں بھارت اور انگلینڈ کے خلاف میچ میں ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے مگر 9 بالز کھیل کر بھی وہ کوئی رن اسکور نہ کر سکے اور صفر پر آؤٹ ہو کر چلتے بنے.

ڈیوٹ ویلی کی گیند پر مڈ آف پر بین اسٹوکس نے ان کا کیچ لیا، آؤٹ ہونے کے بعد جب بھارتی بیٹر واپس پویلین آئے تو آپے سے باہر ہوگئے اور سارا غصہ صوفے پر اتار دیا۔

ویرات کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ڈریسنگ روم میں غصے اور مایوسی سے صوفے کو مکا مار رہے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ اس سال ون ڈے انٹرنیشلز میں ویرات کوہلی کا پہلا ڈک ہے۔ وہ آئی سی سی ورلڈکپ میں بہترین فارم میں ہیں اور اب تک 6 میچز میں 354 رنز اسکور کرچکے ہیں۔