پاکستان میں اسرائیلی ایجنٹ کو شکست دی اب اسرائیل کی باری ہے، فضل الرحمان

پاکستان میں اسرائیلی ایجنٹ کو شکست دی اب اسرائیل کی باری ہے، فضل الرحمان

کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اسرائیلی ایجنٹ کو شکسے دے دی اب اسرائیل کی باری ہے۔

طوفان الاقصیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ یہودی لابی نے جس ایجنٹ کو ہمارے ملک بھیجا اسے شکست دے دی، آج وہ ایجنٹ مکافات عمل کا شکار ہے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ نریندر مودی کھل کر اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے لیکن پاکستان سمیت اسلامی ملکوں کے حکمران کیوں کھل کر فلسطین کی حمایت نہیں کر رہے؟ اپنے حکمرانوں کو کہتا ہوں ایمان کا تقاضا ہے اسرائیل کے خلاف کھڑے ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اجتماع سے امریکا سمیت پوری دنیا کو پیغام دیا گیا ہے کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور فلسطینیوں کی آزادی کی جنگ میں شریک ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ جب اسرائیل نے عرب دنیا پر حملہ کیا تو پاکستان کے عوام نے بھرپور جواب دیا، پاکستانی عوام نے کہا تھا اسرائیلیوں کے خلاف جنگ کیلیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں فلسطینی بچے اور مائیں شہید ہو چکیں پورا شہر ملبہ بن چکا ہے، دنیا کو اسرائیل کے یہ مظالم کیوں نظر نہیں آ رہے؟ اقوام متحدہ نے فلسطینی بچوں سے متعلق قرارداد پیش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر فلسطین کا ساتھ نہیں دیں گے تو سمجھ لیں ہم غلام ہیں، مشرف نے مجھے کہا تھا کہ مان لو حقیقت میں ہم امریکا کے غلام ہیں۔

طوفان الاقصیٰ کانفرنس سے خطاب کے دوران فضل الرحمان نے حماس کیلیے عربی میں پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔