فلسطینی شہداء کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کرگئی، مسجد بلال بن رباح بھی شہید

غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ تھمنے میں نہیں آرہا، 24 ویں روز بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہداء کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق خوفناک اسرائیلی بمباری کے باعث شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ وسطی غزہ میں اسرائیلی بمباری سے دیرالبلا کی مسجد بلال بن رباح شہید ہوگئی۔

اسرائیل نے غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے قریب بھی بم برسا دیے، القدس اسپتال کی جانب آنے والے راستوں کو تباہ کردیا، مسجد کے ساتھ بے گھروں کی پناہ گاہ بنے مکانات بھی کھنڈر بن گئے۔

ڈاکٹرز ود آوٹ بارڈرز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسپتال زخمیوں سے اور مردہ خانے لاشوں سے بھرے پڑے ہیں، شمالی غزہ کا علاقہ کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج اور لبنانی حزب اللہ کے درمیان جاری کشیدگی شدت اختیار کرگئی ہے، فوجی ٹھکانوں پر حملے کے جواب میں حزب اللہ نے بھی تیاری کرلی ہے۔

لبنان کی حزب اللہ نے آج سے اسرائیل کی حدود میں واقع فوجی چوکی العباد پر حملے کا اعلان کردیا ہے، حزب اللہ کے ٹیلی گرام پیج پر اس موضوع سے متعلق ویڈیو مناظر اور تحریری بیان جاری کیا گیا ہے۔

ویڈیو مناظر کے مطابق العباد فوجی چوکی پر اسرائیل کے کیبل والے اور وائرلیس نیٹ ورک میں خفیہ خبریں سُننے والے اور سگنل خراب کرنے والے سامان، ریڈارز اور کیمرہ سسٹم پر مشتمل مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔