ایم کیو ایم اور ن لیگ میں رابطہ، جلد نواز شریف سے ملاقات کا امکان

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور مسلم لیگ (ن) میں اہم رابطہ ہوا ہے اور جلد ایم کیو ایم قیادت کا نواز شریف سے ملاقات کا امکان ہے۔

اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد پہلی بار با ضابطہ رابطہ ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق خالد مقبول صدیقی نے شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں رہنماؤں کے مابین سیاسی صورتحال سمیت عام انتخابات، ورکنگ ریلیشن شپ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس موقع پر شہباز شریف نے ڈاکٹر خالد مقبول سے اسلام آباد آنے سے متعلق بھی استفسارکیا۔

ذرائع نے بتایا کہ جلد متحدہ کے وفد کی نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات کا امکان ہے جس میں دیگر ن لیگ کے اہم رہنما بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں عام انتخابات کی تاریخ، مستقبل میں انتخابی اتحاد سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس حوالے سے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہماری آخری اتحادی رہی ہے۔ شہباز شریف سے مختلف پروگراموں پر رابطے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سے نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے بھی بات ہوئی ہے اور جلد نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات بھی ہوگی اور مستقبل کے حوالے سے بات چیت بھی ہوگی۔