گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فی الحال روک دیا گیا

گیس مہنگی

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فی الحال روک دیا، ای سی سی فیصلےکی توثیق نہ ہو سکی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم کی زیرِصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، گیس نرخوں میں اضافے سے متعلق ای سی سی فیصلےکی توثیق نہ ہو سکی۔ کابینہ نے گیس کی قیمتوں میں اضافے پر مزید غور کرنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان اسٹیل کو نجکاری فہرست سے نکالنے کی منظوری دیدی، وفاقی کابینہ اجلاس میں ای سی سی فیصلوں کی توثیق زیر غور نہیں لائی گئی۔

وفاقی کابینہ کی جانب سے حج و عمرہ ریگولیشن بل 2023 کی منظوری دیدی گئی۔ وزیر مذہبی امور انیق احمد اور حکام نے وفاقی کابینہ کو بریفنگ دی۔

کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب سے ملنے والا حج کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار 210 ہے۔ پرائیویٹ اور سرکاری حج کوٹہ 50، 50 فیصد رکھا جائے گا۔

حج درخواستوں کی وصول کاعمل نومبرکے وسط سے شروع ہوجائے گا۔ وفاقی کابینہ نے اینٹی ہیومن اسمگلنگ اسٹیشن قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ پولیس اسٹیشن ایف آئی اے قائم کرے گا۔ کابینہ کو غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کونکالنے سے متعلق آرڈر پر بھی بریفنگ دی گئی۔

فارن ایکٹ 1947 کے تحت تمام صوبوں کو بے دخلی آرڈر جاری کردیا گیا۔ پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کو غیر قانونی غیر ملکیوں کو حراست میں لینے کا پابند کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ معمولی جرائم میں انڈر ٹرائل اور سزایافتہ غیر ملکیوں کو بے دخل کیا جائے گا۔ سنگین جرائم میں ملوث غیر ملکیوں کو بے دخل نہیں کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ پولیس، پراسیکیوشن اور جیل انتظامیہ کو خصوصی اختیارات دیے گئے ہیں۔ چاروں صوبوں میں گرفتارغیرملکیوں کورکھنے، بے دخل کرنے کیلیے خصوصی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔