آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں اب تک جن ٹیموں کے کپتانوں نے پرفارم نہیں کیا وہ ٹیمیں ایونٹ میں جدوجہد کا شکار نظر آرہی ہیں۔
اے آر وائی کے اسپورٹس پروگرام میں شعیب جٹ نے کہا کہ یہ کافی حیران کن ہے کہ اب انگلینڈ ٹاپ فور میں موجود نہیں ہے۔ جن ٹیموں کے کپتان پرفارم نہیں کررہے وہ بڑے میچز میں جدوجہد کا شکار نظر آرہے ہیں۔
میزبان نے کہا کہ انگلینڈ نے جو کارکردگی دکھائی ہے اب تک کسی کو بھی اس کی توقع نہیں تھی۔ اس پر اسپورٹس رپورٹر شعیب جٹ کا کہنا تھا کہ ایسا ہی ہے ورلڈکپ شروع ہونے سے پہلے ہر پلیئر کےٹاپ فور میں انگلینڈ کی ٹیم موجود تھی۔
رپورٹر شاہد ہاشمی نے اس موقع پر ازراہِ مذاق لقمہ دیتے ہوئے کہا کہ خصوصاً جن کپتانوں کا نام بی سے شروع ہوتا ہے وہ پرفارم نہیں کررہے۔ اس پر میزبان نے کہا کہ جیسے باوما، بٹلر اور تیسرا نام تو آپ کو پتا ہی ہے۔
شعیب جٹ نے کہا کہ کپتان کا خود پرفارم کرنا اور ٹیم سے کام لینا بہت ضروری ہے آپ روہت شرما کو دیکھ لیں کہ وہ خود بھی پرفارم کررہے ہیں 229 تک اسکور لے جانے میں ان کا بڑا کردار تھا۔
اسی طرح روہت شرما کپتانی میں بھی اچھے فیصلے لے رہے ہیں جس کی وجہ سے نتائج آرہے ہیں۔ اچھی کپتانی کرکے اچھے فیصلے کرنے سے ہی جیت ملتی ہے۔