یرغمال بنائی گئی 3 اسرائیلی خواتین کی ویڈیو جاری

غزہ : فلسطینی نتظیم حماس نے گزشتہ روز ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں یرغمال بنائی گئی تین اسرائیلی خواتین کا پیغام سنایا گیا ہے۔

حماس کی جانب سے جاری کی گئی 76 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں خواتین کو سفید ٹائل کی دیوار کے ساتھ پلاسٹک کی کرسیوں پر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ خواتین میں سے ایک نے اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام اسیروں کی رہائی کے لیے قیدیوں کے تبادلے کیلئے اقدامات کریں۔

ویڈیو میں یرغمالی اسرائیلی خواتین نے اپنی قید کا ذمہ دار وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ عام اسرائیلی اس وقت نیتن یاہو کی غلط سیاسی و فوجی پالیسیوں کی قیمت چکا رہا ہے۔ اسرائیلی حکومت یرغمالیوں کو بچانے کیلئے کچھ نہیں کر رہی۔

اسرائیلی وزیراعظم نے اس ویڈیو پیغام پر ردعمل میں کہا ہے کہ حماس کی جاری کردہ یہ ویڈیو نفسیاتی پروپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں، اسرائیل یرغمالیوں کی واپسی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔

دوسری جانب غزہ کے محصور اور مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملے مسلسل 23 ویں روز بھی جاری ہیں، اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 306 ہوگئی ہے۔