پولیس نے 9 مئی واقعات کی تحقیقات کیلیے اسد عمر کو طلب کر لیا

پولیس نے 9 مئی واقعات کی تحقیقات کیلیے اسد عمر کو طلب کر لیا

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر 9 مئی کے دن ہونے والے پُرتشدد واقعات کی تحقیقات کیلیے اسد عمر کو طلب کر لیا گیا۔

پولیس نے اسد عمر کو کل 4 بجے جے آئی ٹی میں پیشی کیلیے طلب کیا ہے۔ ان سے پانچ تھانوں میں درج مقدمات کی تفتیش کی جائے گی۔

قبل ازیں انسداد دہشتگردی لاہور کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں اور اسد عمر کو 9 مئی واقعات پر درج مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا۔

مذکورہ مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت کے دوران اسد عمر اور چیئرمین پی ٹی آئی کی دونوں بہنیں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئیں۔

تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان شامل تفتیش نہیں ہو رہے ہمیں گرفتاری مطلوب ہے، دو دو ماہ سے عبوری ضمانتیں چل رہی ہیں۔

وکیل صفائی نے کہا کہ تفتیشی افسرغلط بیانی کر رہے ہیں، ملزمان کو ابھی تک الزام کے بارے میں ہی آگاہ نہیں کیا گیا، بتائیں اسد عمر اور چیئرمین پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں پر کیا الزامات ہیں؟

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہو سکتا ہے تفتیشی افسر کو بھی الزامات کا پتا نہ ہو۔ بعدازاں عدالت کے جج ارشد جاوید نے عبوری ضمانت پر 22 نومبر تک توسیع کی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ وہ آج بھی تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔