پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ و میزبان ڈاکٹر شائستہ لودھی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے مداح مریض بن کر کلینک آ جاتے ہیں۔
نجی نیوز چینل کے مزاحیہ شو میں میزبان کی جانب سے شائستہ لودھی سے سوال کیا گیا کہ محبت کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ اس پر پہلے تو وہ مسکرائیں اور پھر کہا ’محبت اگر نہ ہو تو زندگی بے کار، اور اگر ہو جائے تو پھر آپ کسی کام کے نہیں۔‘
میزبان نے ایک اور سوال کیا کہ یکطرفہ محبت کے بارے میں بتائیں۔ اس پر شائستہ لودھی نے کہا کہ محبت محبت ہوتی ہے اور میرا نہیں خیال کہ یہ دو یا تین طرفہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ محبت میں غرض نہیں ہوتی، مجھے غرض نہیں کہ میں نے محبت کی تو سامنے والا بھی لازمی مجھ سے محبت کرے، اچھے لوگ آپ کو بہت سارے لگ سکتے ہیں اور بار بار لگ سکتے ہیں، لیکن عشق اور محبت صرف ایک سے ہوتی ہے۔
شو میں شائستہ لودھی سے سوال کیا گیا کہ کبھی ایسا ہوا کوئی مداح مرض بن کر آپ کے کلینک آگیا ہو؟ اس پر اداکارہ و میزبان نے کہا کہ ایسا ماضی میں ہوا اور اکثر ہوتا رہتا ہے، مداح کو سامنے آکر خود سمجھ نہیں آ رہا ہوتا کہ اسے بولنا کیا ہے۔
شائستہ لودھی نے بتایا کہ بہت دفعہ ایسا ہوا ہے کہ مداح آئے اور کہا کہ ہمیں پتا نہیں تھا کہ آپ سے ملنے کی بھی فیس دینی پڑتی ہے۔
اس سے قبل اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’دی فورتھ امپائر‘ میں شائستہ لودھی نے مریضوں کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات سے متعلق بتایا تھا۔
میزبان فہد مصطفیٰ نے سوال کیا کہ ’مریض آپ کے پاس آکر ایسی کیا بات کرتے ہیں جس سے آپ بھی پریشان ہو جاتی ہیں کہ یہ کیسے ہوگا؟‘ اس پر شائستہ لودھی نے بتایا تھا کہ ’مریض کہتے ہیں کہ ہمیں راتوں رات فہد مصطفیٰ جیسا بنا دیں۔‘