غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کے انخلاء کی ڈیڈ لائن ختم، کراچی میں کریک ڈاؤن کا آغاز ، 4غیر ملکی باشندے گرفتار

کراچی غیرقانونی مقیم

کراچی : غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے انخلاء کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد سہراب گوٹھ میں پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کرکے اعلانات کیے جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کے انخلاء کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد پولیس متحرک ہوگئی، کراچی میں رات گئے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا اور صدر سے چار غیر ملکی باشندے گرفتار کرکے ہولڈنگ سینٹر منتقل کر دیے گئے۔

سہراب گوٹھ میں پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کرکے اعلانات کیے جارہے ہیں، ایس ایس پی ایسٹ عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری آپریشن کیلئے مخصوص پوائنٹ پر طلب کرلی گئی، کچھ دیر کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کیخلاف آپریشن شروع کیا جائے گا، حکومت پاکستان کی جانب سے دیئے گئے الٹی میٹم کا وقت ختم ہوچکا ہے۔

عرفان بہادر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ میں سہراب گوٹھ ڈویڑن میں تارکین وطن کی نشاندہی کی گئی ہے، آپریشن کا آغازسہراب گوٹھ سے کیا جائے گا، آپریشن کے دوران جو بھی غیر قانو نی طور پر مقیم شخص ہوگا، اس کو فوری طور پر گرفتار کرکے ہولڈنگ پوائنٹس پر پہنچایا جائے۔

کراچی میں سلطان آبادحاجی کیمپ سینٹر میں مزید 3 افغان باشندےپہنچا دیئےگئے ہیں ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سینٹر پہنچائے گئے غیر قانونی مقیم غیرملکی افراد کی تعداد 7 ہوگئی، تینوں افراد کا ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے، 40 افراد ہونےکےبعد بذریعہ بس چمن کےراستےافغان حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

10 ماہ میں کراچی میں غیر قانونی مقیم 2300 غیر ملکیوں کوگرفتارکیا گیا اور گرفتار غیرقانونی غیرملکیوں کیخلاف 800 کے قریب مقدمات درج کئے گئے۔

سلطان آبادحاجی کیمپ میں غیرقانونی غیرملکیوں کےلیےسیل تیارکرلیا گیا ہے اور نادرا،ایف آئی اے اور اسپیشل برانچ سمیت دیگر عملے کیلئے کنٹرول روم بنا دیے گئے ہیں ، ضلعی انتظامیہ اورپولیس نےتمام انتطامات مکمل کرلیے ہیں۔

تیارسینٹرزمیں غیر ملکیوں کیلئےکھانےپینے،کمرےاوردیگرسہولت موجود ہے ، غیرقانونی مقیم غیرملکی رضاکارانہ طورپران سینٹرزپرآکراپناریکارڈچیک کراسکتے ہیں ، نادرا کی ٹیمیں ان افرادکاریکارڈچیک کرے گی۔

خیال رہے حکومتی اعلان کے نتیجے میں گزشتہ روز تک ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں غیرقانونی مقیم افراد رضاکارانہ پاکستان سے چلے گئے اور جو غیرقانونی پناہ گزین نہیں گئے اب حکومت ان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔