ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا صلہ پاکستانی پیسر شاہین شاہ آفریدی کو مل گیا اور وہ پہلی بار آئی سی سی ون ڈے بولر رینکنگ میں پہلے نمبر پر قابض ہو گئے ہیں۔
بھارت میں جاری ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب تک ایونٹ میں 16 وکٹیں حاصل کر کے میگا ایونٹ میں آسٹریلیا کے ایڈم زمپا کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹاپ بولر بن چکے ہیں ہیں تاہم اس محنت کا اصل صلہ انہیں دنیا کا نمبر ایک ون ڈے بولر بن کر بھی مل گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کی ہے جس میں شاہین شاہ آفریدی نے اڑان بھرتے ہوئے دسویں سے براہ راست پہلے نمبر پر قدم جما لیے ہیں۔
ورلڈ کپ میں لمبی اننگ نہ کھیل پانے کے باوجود بلے بازوں میں پاکستانی کپتان بابر اعظم کی بادشاہت برقرار ہے اور وہ 818 پوائنٹ کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں تاہم دوسرے نمبر پر موجود شبھمن گل سے ان کا پوائنٹ فرق صرف 2 کا رہ گیا ہے۔
تجربہ کار آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر ورلڈ کپ میں اپنے 413 رنز کے عوض ایک درجہ ترقی کر کے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ بھارتی کپتان روہت شرما ٹورنامنٹ میں 398 رنز بنانے کے بعد تین درجے بہتری کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
آئی سی سی کی جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق شاہین شاہ آفریدی 673 پوائنٹ کے ساتھ نمبر ایک بالر ہے جب کہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ (دوسرے)، بھارت کے محمد سراج (تیسرے)، جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج (چوتھے) نمبر پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ (پانچویں)، افغانستان کے راشد خان (چھٹے)، بھارت کے کلدیپ یادیو (ساتویں)، افغانستان کے مجیب الرحمان (آٹھویں)، آسٹریلیا کے ایڈم زمپا (نویں) جب کہ افغانستان کے محمد نبی (دسویں) نمبر پر موجود ہیں۔
بلے بازوں کی فہرست میں بابر اعظم (پہلے)، بھارت کے شبھمن گل (دوسرے)، جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک (تیسرے)، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر (چوتھے)، بھارتی کپتان روہت شرما (پانچویں)، جنوبی افریقہ کے ہینرک کلاسن (چھٹے)، بھارت کے ویرات کوہلی (ساتویں)، آئرلینڈ کے ہیری ٹیکٹر (آٹھویں)، جنوبی افریقہ کے ڈوسان (نویں) جب کہ انگلینڈ کے ڈیوڈ میلان (دسویں) نمبر پر ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔
اس فہرست کے مطابق بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن بدستور پہلے، افغانستان کے محمد نبی (دوسرے)، زمبابوے کے سکندر رضا (تیسرے)، افغانستان کے (راشد خان) چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی پر جنوبی افریقہ کے بائیں ہاتھ کے مارکو جانسن دو درجے ترقی کر کے نویں اور نیوزی لینڈ کے نوجوان راچن رویندرا 14 درجے چڑھ کر 17 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
شاہین آفریدی نے بڑا سنگ میل عبور کر لیا
واضح رہے کہ گزشتہ روز شاہین شاہ آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں ون ڈے میں تیز ترین 100 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔