پاکستان کے سابق کرکٹر رمیز راجہ نے بھارت میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے دوران کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ میں پائی جانے والی خامی کا حل بتا دیا۔
راجہ کا خیال ہے کہ اعظم اسپن کھیلنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن سویپ شاٹ کھیلنے سے انھیں اس مسئلے سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔
بھارتی اسپورٹس چینل سے گفتگو میں رمیز راجہ نے کہا کہ اگر آپ ان کی بیٹنگ میں خرابی تلاش کرنا چاہتے ہیں تو وہ اسپن کے خلاف بیٹنگ ہے جب وہ اننگز کا آغاز کرتے ہیں تو اس میں اتنی روانی نہیں ہوتی جتنی کہ فاسٹ بولرز کے خلاف ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ ان کا فٹ ورک ہے یا ان پھر ان کی سوچ ہے یا ان کے پاس بہت زیادہ آپشنز نہیں ہیں کیونکہ وہ سویپ شاٹ نہیں کھیلتے حالانہ کہ سلو پچز پر آپ کو سویپ شاٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی وہ اسپن کے خلاف جارحانہ انداز اپناتے ہیں تو وہ بھی آؤٹ ہو جاتے ہیں افغانستان کے خلاف زبردست چھکا لگایا اور پھر غلط وقت پر آؤٹ ہو گئے وہ مکمل طور پر خراب نہیں کھیل رہے وہ اب بھی گیند کو مڈل کر رہے ہیں لیکن یہ ہے کہ جب وہ اسپن کے خلاف اپنی اننگز شروع کرتے ہیں تو تھوڑا سا پریشان نظر آتے ہیں۔
اسپنرز نے ٹورنامنٹ کے دوران سات میں سے پانچ کھیلوں میں اعظم کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے 30.85 کی اوسط سے تین نصف سنچریوں سمیت کل 216 رنز بنائے ہیں۔