بھارتی بیٹر شریاس ایئر کے آؤٹ ہونے پر بالی ووڈ اداکارہ اتھیا شیٹی افسردہ ہوگئی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 359 رنز کا ہدف دیا۔
شبھمن گل نے 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ویرات کوہلی 88 رنز بنا کر نمایاں رہے، شریاس ایئر نے 56 گیندوں پر 82 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
کپتان روہت شرما 4 رنز بنا کر مدھوشنکا کا نشانہ بنے، کے ایل راہول 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سوریا کمار یادیو 12 رنز بنا کر چلتے بنے، رویندر جڈیجا 35 رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، چمیرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
تاہم شریاس ایئر کے آؤٹ ہوتے ہی بالی ووڈ اداکارہ اتھیا شیٹی افسردہ ہوگئیں جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں، شریاس ایئر کی 82 رنز کی جارحانہ اننگز میں 6 چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اتھیا شیٹی شریاس ایئر کے آؤٹ ہونے پر افسوس کا اظہار کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ اتھیا شیٹی بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار سنیل شیٹی کی صاحبزادی اور کرکٹر کے ایل راہول کی اہلیہ ہیں۔