الیکشن میں پی ٹی آئی سے اتحاد کا فیصلہ نہیں کیا، بلاول بھٹو

کچھ لوگ یہ چاہتے ہیں کہ تقسیم اور نفرت جاری رہے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سب کو الیکشن کا چاند مبارکباد ہو، ہم نے انتخابات میں پی ٹی آئی سے اتحاد کا فیصلہ نہیں کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے باقاعدہ 8 فروری کو الیکشن کا اعلان کیا ہے، بہتر یہ ہوتا کہ سپریم کورٹ کو مداخلت نہ کرنا پڑتی، میں نے الیکشن کمیشن کو تجویز دی تھی کہ تاریخ دے دیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لیول پلینگ فیلڈ سب کیلیے ہونی چاہئیں، پی ٹی آئی کا وجود ہی اس بنیاد پر ہوا تھا، اگر اس بار الیکشن میں تکلیفیں پیش آ رہی ہیں تو ویلکم ٹو کلب۔

انہوں نے کہا کہ 1988 اور 2007 میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہونے کے باوجود بھی حکومت بنائی تھی، مجھے ایک الیکشن بتائیں جہاں پیپلز پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملا ہو۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اگلی باری پھر پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ سمجھتا ہوں اب قانون پر عمل درآمد ہونا چاہیے، اصولی طور پر ہرسیاسی جماعت کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنا چاہیے، 2018 کے الیکشن دیکھ لیں سب کے سامنے ہیں۔