پیمرا نے عام انتخابات کی کوریج کیلیے میڈیا کو ہدایات جاری کردیں

پیمرا

اسلام آباد: پیمرا نے عام انتخابات کی کوریج کے لیے میڈیا کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پیمرا کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے اس حوالے سے تمام میڈیا چینلز پیمرا قوانین 2015 کی پابندی یقینی بنائیں۔

پیمرا کا کہنا ہے کہ جمہوریت، جمہوری اقدار، الیکشن کو شفاف بنانا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے، عوام اور ادارے شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل تعاون کریں، الیکٹرانک میڈیا کا عوام میں شعور اجاگر کرنے کا کلیدی کردار ہے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ عوامی رائے کی تشکیل جمہوری عمل کو مضبوط کرنا میڈیا کام کام ہے، الیکٹرانک میڈیا الیکشن ٹرانسمیشن میں تمام حقائق مدنظر رکھیں اور ایسی خبر نشر نہ ہو جس سے عوام کے ذہنوں میں شکوک جنم لیں، کسی منفی یا غلط خبر سے الیکشن سبوتاژ نہیں ہونے چاہئیں ایسی کسی بھی خبر کو نشر کرنا پیمرا قوانین کی خلاف ورزی ہوگا۔

پیمرا کا کہنا ہے کہ ڈیلے میکنزم کے بغیر لائیو نشریات نہیں دکھائی جائیں گی، نمائندے، اینکر، پروڈیوسرز، نشریات سے پہلے کونٹینٹ پر گفتگو کریں، میڈٰیا موثر مانیٹرنگ اور ایڈیٹوریل کنٹرول یقینی بنائے۔

ہدایت نامے میں پیمرا کا کہنا ہے کہ ٹاک شو کے مہمان کی بات کو خبر بنانے سے پہلے تصدیق کی جائے بغیر تصدیق کسی خبر میں شخصیت یا ادارے پر الزام نہیں لگایا جائے۔

پیمرا کے مطابق مہمان کی جانب سے سنگین الزام کی صورت میں فریق کا موقف لیا جائے، نشریات کے دوران کوئی نفرت انگیز کونٹینٹ یا گفتگو نشر نہ کی جائے۔