پی آئی اے : عمرہ کرایوں میں ہزاروں روپے کمی کا اعلان

کراچی : قومی ایئر لائن پی آئی اے نے عمرہ زائرین کو بڑی خوشخبری سنادی، عمرہ کرایوں میں ہزاروں روہے کمی کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے عمرہ کرایوں میں 6 ہزار روپے تک کمی کا اعلان کردیا ہے، نئے کرایوں میں ہزاروں روپے کمی کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ، پشاور، ملتان، فیصل آباد سے جدہ کیلئے دو طرفہ عمرہ کرایہ 6 ہزار روپے کی کمی کے بعد 87 ہزار روپے علاوہ ٹیکس ہوگیا۔

ترجمان کے مطابق کراچی اور کوئٹہ سے عمرہ کرایہ 6 ہزار روپے کم ہوکر 79 ہزار روپے علاوہ ٹیکس ہوگا۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ترجمان کا کہنا ہے کہ عمرہ کرایوں میں تقریباً 20 ڈالر کمی کی گئی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ، پشاور، ملتان اور فیصل آباد سے جدہ کیلئے دو طرفہ کرایہ 93 ہزار روپے جبکہ کراچی اور کوئٹہ سے کرایہ 85 ہزار روپے تھا۔

ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے پاکستانی عمرہ زائرین کو سہولیات اور خدمات کی فراہمی میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔