فخر زمان سے کیا کہا تھا؟ بابر اعظم نے بتا دیا

بابر اعظم

بنگلورو: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے جیت کا کریڈٹ اوپنر فخر زمان کو دے دیا۔

بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کو فاتح قرار دے دیا گیا، فخر زمان کی جارحانہ اننگز نے پاکستان کو شاندار کامیابی دلوائی، پاکستان ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت کیویز کو 21 رنز سے شکست دی۔

پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنائے اور جیت کے لیے 94 گیندوں پر 142 رنز درکار تھے لیکن بارش شروع ہونے پر میچ روک دیا گیا تھا۔

فخر زمان 126 اور بابر اعظم 66 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ فخر زمان کی جارحانہ اننگز میں 11 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔

نیوزی لیںڈ کی جانب سے واحد وکٹ ٹم ساؤتھی نے حاصل کی۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ فخر سے کہا تھا تم 15 اوور تک رہے تو ہم میچ جیت سکتے ہیں، معلوم تھا بارش ہوگی اسی پلان کے ساتھ کھیلا۔

بابر اعظم نے کہا کہ جیت کا کریڈٹ فخر کو جاتا ہے، انہوں نے بہترین اننگز کھیلی، فخر زمان کے ساتھ صرف بڑی شراکت بنانے کی کوشش کی، کوشش کریں گے اگلا میچ بھی جیتں۔

دوسری جانب کیوی کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ فخر اور بابر نے جس طرح کھیلا جیت ان کا حق تھا، پاکستان جس طرح کھیل رہا تھا ہمیں جیتنے کے لیے 450 رنز بنانے چاہیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بولنگ کے دوران غلطی کی گنجائش بہت کم ہے۔