کیویز کیخلاف شاہینوں کی شاندار فتح، ’’قدرت کا نظام‘‘ ٹاپ ٹرینڈ، میمز کی بھرمار

ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار فتح پر ’’قدرت کا نظام‘‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور سوشل میڈیا پر دلچسپ میمز کی بھرمار ہوگئی۔

بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں پاکستان کا میگا ایونٹ میں رہنے کے لیے نیوزی لینڈ کو شکست دینا ضروری تھا تاہم جب گزشتہ روز کیویز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 402 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا تو امیدیں مایوسی میں بدلنے لگیں۔ پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق کی وکٹ جلد گرنے پر مایوسی بڑھی لیکن ایسے میں میدان میں فخر زمان کا بلا چلا اور آسمان سے بارش کی صورت قدرت کا نظام کہ پاکستان نے نا قابل یقین فتح حاصل کرلی۔

ڈی ایل ایس کے تحت پاکستان کو 21 رنز سے فاتح قرار دیا گیا جس کے بعد گرین شرٹس کی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کی امیدیں برقرار رہیں تاہم اس فتح کے ساتھ ہی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ’’قدرت کا نظام‘‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور شائقین نے دلچسپ میمز کی بھرمار کر دی۔

ایک صارف نے ثقلین مشتاق کی پرانی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ میچ میں ہار جیت کے ساتھ بارش کا ذکر کرتے ہوئے قدرت کا نظام کہتے ہین۔

سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے کہا کہ لوگ مذاق بناتے تھے آج سب نے قدرت کا نظام دیکھ لیا۔

ایک صارف نے فخر کی تصویر کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’فخر میرا نام، سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنا میرا کام۔‘

کچھ صارفین نے لکھا کہ پاکستان ورلڈ کپ کی واحد ٹیم بن گئی جس نے مخالف کے 400 سے زائد رنز کا ہدف دینے کے بعد بھی میچ جیت لیا۔

ایک صارف نے کرکٹ کی وائٹ بال پر ’’قدرت کی بال‘‘ کی لکھ کر پوسٹ کیا کہ پاکستان نے آج یہ گیند استعمال کی۔

کئی صارفین نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے لیے میچز کی پیشگوئی کا چارٹ شیئر کیا جس میں اب تک 11 میچز کے نتائج حسب منشا برآمد ہوئے۔

ایک صارف نے میچ کے دوران نیوزی لینڈ کے 90 فیصد اور پاکستان کے 10 فیصد میچ جیتنے کی پیشگوئی کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دیکھا قدرت کا نظام۔

ایک صارف نے سیمی فائنل کے لیے کوالفیائی کرنے کی دوڑ میں شامل ٹیموں کے امکانات کی تصویر شیئر کی۔

ایک صارف نے بھارتی شائق کے تاثرات شیئر کیے جس میں وہ کہتا ہے کہ فوجی کو کیا کھلا کر بھیجا ہے اتنے چھکے میں تو سمجھا کی ہائی لائٹس چل رہی ہیں باؤنڈریز کی، بھائی ہاتھ تھوڑا ہولا رکھو۔

اس کے علاوہ صارفین نے میچ میں فخر زمان کی دھواں دھار بیٹنگ اور پاکستان کے ورلڈ کپ میں چانس برقرار رہنے کے حوالے سے کئی دلچسپ میمز شیئر کیں جن میں بالی ووڈ فلموں کے کئی سینز بھی شامل ہیں۔