’فخر کو ڈراپ کرنا، یہ کسی کو خواب میں بھی نہیں سوچنا چاہیے‘

نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار فتح کے ہیرو فخر زمان کی ہر سو تعریفیں ہو رہی ہیں ایسے میں سابق بولر عاقب جاوید نے بھی اوپنر کو ٹیم میں ون مین شو پلیئر قرار دے دیا۔

ورلڈ کپ میں گزشتہ روز اہم میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار فتح حاصل کی۔ میچ کے ہیرو فخر زمان رہے جنہوں نے 81 گیندوں پر 126 رنز کی نا قابل شکست اننگ کھیلی جس میں 11 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔

اس ناقابل فراموش کارکردگی کے بعد ہر جانب سے فخر زمان کی کارکردگی کی تعریف ہو رہی ہے اور شائقین کرکٹ انہیں فخر پاکستان قرار دے رہے ہیں۔ اوپنر کی توصیف کرنے میں سابق کرکٹرز بھی پیچھے نہیں ہیں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے تو انہیں ٹیم کا تن تنہا میچ جتوانے والا واحد کھلاڑی قرار دے دیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی پروگرام میں عاقب جاوید نے فخر زمان کو پاکستان کا ایک غیر معمولی بلے باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو فخر زمان کو ڈراپ کرنے کے بارے میں خوابوں میں بھی سوچنے کی ہمت نہیں کرنی چاہیے۔ وہ اوسط سے اندازہ لگانے والا کھلاڑی نہیں ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ان کی کارکردگی ان کے اثرات کی وجہ سے آج بھی یاد رکھی جاتی ہے۔ وہ ایک بڑا میچ پلیئر ہے اور مجھے پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ میں کوئی ایسا کھلاڑی نظر نہیں آتا جو فخر کی طرح اکیلے ہی میچ جتوا سکے۔