کولکتہ پولیس نے میچ کے ٹکٹس کے معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو نوٹس جاری کر کے وضاحت طلب کر لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈن گارڈنز میں بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ جاری ہے جس کے ٹکٹس حاصل کرنے کیلیے شائقین کو مشکلات کا سامنا رہا۔
کولکتہ کے ایک رہائشی نے اس متعلق پولیس سے رجوع کیا اور بتایا کہ بی سی سی آئی، سی اے بی (کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) اور ٹکٹنگ پارٹنر BookMyShow نے بلیک مارکیٹ میں فروخت کیلیے ٹکٹ جمع کیے۔
معاملے پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی کو نوٹس جاری کیا اور اس متعلق وضاحت طلب کی۔
ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ بی سی سی آئی صدر کو بھیجے گئے نوٹس میں ٹکٹس کی فروخت سے متعلق دستاویزات اور معلومات ذاتی طور پر یا حکام کے ذریعے منگل کو تفتیشی افسر کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اس سے قبل کولکتہ پولیس نے 19 ملزمان کو گرفتار کیا تھا جن کے قبضے سے میچ کے 108 ٹکٹس برآمد ہوئے، ملزمان کے خلاف 7 مقدمات درج کیے گئے۔
ورلڈ کپ 2023 کیلیے ٹکٹوں کی بکنگ کے عمل کو پورے بھارت میں شائقین نے بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔