خدا کے لیے غزہ میں جنگ بند کی جائے، پوپ فرانسس کی اپیل

غزہ پر جاری اسرائیل کی بربریت کے خلاف عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے بھی آواز بلند کرتے ہوئے جنگ بندی کی اپیل کر دی۔
غزہ پر اسرائیل کی جارحیت کو ایک ماہ ہو گیا اس دوران 10 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں چار ہزار بچے اور ایک ہزار سے زائد خواتین بھی شامل ہیں۔

غاصب صہیونی ریاست کے مسلسل فضائی، زمینی حملوں کے باعث غزہ میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔ اسرائیل کے وحشیانہ جنگی جنون کے خلاف پوری دنیا سراپا احتجاج ہے اور مسلسل جنگ بندی کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔ اب عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے بھی مظلوم فلسطینیوں کے حق میں صدا بلند کر دی ہے۔

پوپ فرانسس نے ایک دعائیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ بچوں کا مستقبل ختم کیا جا رہا ہے دنیا بچوں کے بارے میں سوچے۔ خدا کے لیے غزہ میں جنگ بندی کی جائے۔

پوپ فرانسس نے کہا امید ہے زخمیوں کے تحفظ اور غزہ میں امداد پہنچانے اور تنازع پھیلنے سے محفوظ رہنے کے لیے کام کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پوپ فرانسس نے غزہ میں محصور لوگوں کی مدد کے لیے راہداریوں کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ غزہ میں سب سےبڑھ کر انسانی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے، بچے، بیمار، بوڑھے، خواتین و تمام شہریوں کو تنازع کا شکار نہیں بنایا جائے۔