ورلڈ کپ: سری لنکا اور بنگلہ دیش آج وقار کی بحالی کیلیے میدان میں اتریں گے

ورلڈ کپ میں پے درپے شکستوں کے بعد سری لنکا اور بنگلہ دیش میگا ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں تاہم آج وہ وقار کی بحالی کے لیے میدان میں اتریں گی۔

بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں آج 38 واں میچ دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ رواں ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں سات سات میچز کھیل کر صرف دو دو فتوحات ہی حاصل کر سکیں ہیں اور چار چار پوائنٹ کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب ساتویں اور نویں نمبر پر موجود ہیں۔

1996 کی عالمی چیمپئن سری لنکا اور بنگال ٹائیگرز مسلسل خراب کارکردگی کے باعث میگا ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں اور آج دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ میں اپنے وقار کی بحالی کے لیے میدان میں اتریں گی۔

آج کے میچ میں دونوں ٹیمیں 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں جگہ پانے کے لیے پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں پوزیشن کے حصول کے لیے حریف پر قابو پا کر فتح حاصل کرنے کی سر توڑ کوشش کریں گی تاہم میچ فضائی آلودگی کے باعث متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

میچ کا انعقاد ممکن بھی ہوا تو فضائی آلودگی کے پیش نظر دونوں ٹیموں کو ڈگ آؤٹ کے بجائے ڈریسنگ روم میں بیٹھنا ہوگا۔ اگر میچ نہ ہو سکا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث سری لنکا ٹیم نے گزشتہ روز اپنا پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا تھا جب کہ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے ماسک پہن کر پریکٹس کی تھی۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔ ورلڈ کپ کے تمام میچز اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔