ورلڈ کپ: بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا

ورلڈ کپ کے 38ویں میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 280 رنز کا ہدف 41.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

نجم الحسن شنٹو نے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کپتان شکیب الحسن 82 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

لٹن داس 23 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، محمود اللہ 22 رنز بنا کر تھکشانا کا نشانہ بنے، مشفیق الرحیم کو 10 رنز پر مدھوشنکا نے بولڈ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، تھکشانا اور اینجلو میتھیوز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم 49.3 اوورز میں 279 رنز پر آؤٹ ہوئی اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 280 رنز کا ہدف دیا تھا۔

چارتھ اسالنکا نے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، نسانکا اور سمارا وکرما نے 41، 41 رنز اسکور کیے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تنظیم حسن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شکیب الحسن اور شریف الاسلام نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

آج کے میچ کے لیے بنگلہ دیشی ٹیم میں ایک تبدیلی جب کہ سری لنکا ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

بنگال ٹائیگرز نے مستفیض الرحمان کی جگہ تنظیم حسن ثاقب کو فائنل الیون میں شامل کیا ہے جب کہ آئی لینڈرز نے ڈیموتھ کرونا رتنے اور دوشان ہیمانتھا کی جگہ دھننجایا ڈی سلوا اور کوشل پریرا کو شامل کیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ورلڈ کپ میں 1996 کی عالمی چیمپئن سری لنکا اور بنگال ٹائیگرز کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ پانچ پانچ میچز ہارنے کے بعد دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں اور آج وہ وقار کی بحالی کے لیے میدان میں اتریں گی۔

باہمی مقابلوں میں سری لنکا کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 53 مرتبہ مدمقابل آئی ہیں جس میں سری لنکا نے 42 اور بنگلا دیش نے 9 میچز جیتے ہیں۔

آج کے میچ میں دونوں ٹیمیں 2025 کی چیمپئنز ٹرافی میں جگہ پانے کے لیے پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں پوزیشن کے حصول کے لیے حریف پر قابو پا کر فتح حاصل کرنے کی سر توڑ کوشش کریں گی تاہم میچ فضائی آلودگی کے باعث متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

میچ کا انعقاد ممکن بھی ہوا تو فضائی آلودگی کے پیش نظر دونوں ٹیموں کو ڈگ آؤٹ کے بجائے ڈریسنگ روم میں بیٹھنا ہوگا۔ اگر میچ نہ ہو سکا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث سری لنکا ٹیم نے گزشتہ روز اپنا پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا تھا جب کہ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے ماسک پہن کر پریکٹس کی تھی۔