نگراں وفاقی حکومت نے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے اختیارات کو کیوں محدود کیا اس کی وجوہات سامنے آ گئیں وجہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کی چارج شیٹ بنی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں وفاقی حکومت نے وزارت بین الصوبائی رابطہ کی سفارشات پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے اختیارات کو محدود کیا۔ مذکورہ وزارت نے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی پر چارج شیٹ عائد کر دی۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے دی گئی چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی منیجمنٹ کمیتی اپنا مینڈیٹ پورا کرنے میں اور بورڈ آف گورنرز لگانے میں ناکام رہی۔ وہ چیئرمین کے انتخابات بھی نہیں کرا سکی۔
چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ نے مینجمنٹ کمیٹی کو اپنی تمام سپورٹ فراہم کی اس کے باوجود میجمنٹ کمیٹی چیئرمین پی سی بی کے الیکشن کے لیے روڈ میپ نہیں دے سکی جب کہ بارہا یاد دہانیوں کے کارکردگی رپورٹ بھی نہیں دی گئی۔
وزارت آئی پی سی کا کہنا ہے کہ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی، ممبران اپنی سی ویز اور شناختی کارڈز کی فوٹو کاپیاں تک نہیں دے سکے۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہی۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران منیجمنٹ کمیٹی کی تحلیل سے کرکٹ ٹیم پر اثر پڑ سکتا ہے اس لیے وزارت آئی پی سی نے منیجمنٹ کمیٹی کی مدت میں 3 ماہ توسیع کی سفارش کی اور کہا کہ اسے تین ماہ سے زیادہ کی توسیع نہ دی جائے۔
وزارت آئی پی سی کا کہنا ہے کہ بورڈ آف گورنرز کی تشکیل، چیئرمین انتخابات کرانا منیجمنٹ کمیٹی کی ذمے داری ہے۔ مینجمنٹ کمیٹی صرف روزمرہ کے امور نمٹائے اس کے علاوہ پالیسی فیصلے یا ہائی لیول تقرری نہ کرے۔