بھارتی بولر اچھی بولنگ کیوں‌ کررہے ہیں؟ مصباح‌ الحق نے بتادیا

قومی ٹیم کے سابق کپتان کوچ مصباح الحق نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے پہلے ایڈیشن کا تجربہ بیان کردیا۔

اے اسپورٹس کے پروگرام ’دی پویلین‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان و کوچ مصباح الحق نے کہا کہ 2007 آئی پی ایل میں ظہیر خان اور پروین کمار ہماری ٹیم تھے ان کے کوچز کو معلوم تھا کہ دونوں بولرز کی نئے گیند سوئنگ ہوتی ہے اور یہی ہماری اسٹرینتھ ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ دونوں بولرز کوچز کے ساتھ روزانہ سوئنگ پر توجہ دیتے تھے کہ رسٹ پوزیشن کیسی رکھنی ہے اور ایکشن کیسا رکھنا ہے، وہ باقاعدہ اس کی علیحدہ سے پریکٹس کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں فلیٹ کنڈیشنز ہیں، پچز اچھی ہیں، بیٹسمین اچھے رنز کرتے ہیں اگر وہاں پر آپ کی نئی گیند سوئنگ نہیں ہوگی اور آپ کچھ خاص نہیں کریں گے تو وہاں پر کچھ نہیں کرسکتے۔

سابق کپتان نے کہا کہ اگر آپ آج یوٹیوب یا کہیں پر بھی دیکھیں گے یا فاسٹ بولنگ کے حوالے سے ریسرچ کریں گے تو سب سے زیادہ ویڈیوز بھارتی بولنگ کوچز کی نظر آئیں گی یہاں تک کہ کلب کرکٹ میں بھی کوچز فلک اور رسٹ پر توجہ دیتے ہیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ بھارت میں کلب کوچز بولرز کو ان سوئنگ، آؤٹ سوئنگ سکھا رہے ہیں جس کا فائدہ بولرز کو آگے جاکر ہوتا ہے۔