پاکستان کو اکتوبر میں افغانستان کے لیے برآمدات بڑھانے میں بڑی کامیابی

اسلام آباد: ماہ اکتوبر میں افغانستان کے لیے سالانہ اور ماہانہ بنیاد پر پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کو اکتوبر میں افغانستان کے لیے برآمدات بڑھانے میں بڑی کامیابی ملی ہے، ذرائع وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ستمبر کے مقابلے اکتوبر میں افغانستان کے لیے برآمدات میں 48 فی صد کا بڑا اضافہ ہوا۔

اکتوبر میں سالانہ بنیادوں پر افغانستان کے لیے برآمدات 6 فی صد بڑھیں، اور برآمدات کا حجم 9 کروڑ 74 لاکھ ڈالرز رہا، اکتوبر میں افغانستان کے لیے موٹر سائیکلز اور ٹریکٹرز کی برآمدات میں اضافہ دیکھا گیا، پرندوں، انڈوں، آئرن اینڈ اسٹیل، ربڑ، چاول، لکڑی کی مصنوعات کی برآمدات بھی بڑھیں۔

وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال کے پہلے 4 ماہ افغانستان کے ساتھ تجارتی توازن پاکستان کے حق میں رہا ہے، جولائی تا اکتوبر پاکستانی کی افغانستان کے لیے برآمدات زیادہ اور درآمدات کم رہیں، اسی عرصے میں افغانستان سے درآمدات میں 40 فی صد کی بڑی کمی ہوئی۔

جولائی تا اکتوبرافغانستان کے لیے برآمدات میں 6 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی، اسی عرصے میں افغانستان کے لیے برآمدات کا حجم 29 کروڑ 87 لاکھ ڈالرز رہا، اور جولائی تا اکتوبرافغانستان سے درآمدات 24 کروڑ 57 لاکھ ڈالرز رہیں۔