نگراں وزیر اطلاعات و نشریات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھجوانے کا عمل مزید تیز ہوگا۔
جان اچکزئی نے پریس کانفرنس میں اس حوالے سے بتایا کہ دستاویز نہ ہونے پر 200 سے زائد غیر ملکیوں کو حراست میں لیا گیا جبکہ چمن بارڈر سے 66 ہزار سے زائد غیر ملکیوں کو واپس بھجوایا گیا۔
نگراں صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام غیر ملکیوں کو عزت و احترام کے ساتھ واپس بھجوایا جا رہا ہے، غیر قانونی مقیم افراد کو ہر صورت واپس اپنے وطن جانا ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ روانگی میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، بلوچستان سے ایک سے ڈیڑھ لاکھ مزید غیر ملکی اپنے وطن واپس جائیں گے، کوئی اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ وہ چھپ سکتا ہے۔
چند روز قبل کمشنر کوئٹہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں جان اچکزئی نے کہا تھا کہ ہم نے 40 سال تک مہاجرین کی مہمان نوازی کی، انہیں یہاں پڑھنے لکھنے کا موقع دیا اور زندگی کی تمام سہولتیں فراہم کیں، جو سہولیات پاکستان نے دیں وہ افغان حکومت بھی نہیں دے سکتی۔
اس سے قبل ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا تھا کہ 40 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہے ہیں لیکن غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ہر صورت ان کے ملک بھجوایا جائے گا۔