لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونی کیشن عالیہ رشید کا کہنا ہے کہ انضمام الحق نے ایجنٹ کے معاملے پر کرکٹ بورڈ کو لاعلم رکھا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی کی ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونی کیشن عالیہ رشید کا کہنا ہے کہ انضمام الحق سے بلا کر پوچھا جائے گا کہ انہوں نے ایجنٹ کے معاملے پر پی سی بی کو آگاہ کیوں نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اور چیف سلیکٹر کا ایجنٹ ایک ہے تو یہ مفادات کا ٹکراؤ ہے، تحقیقات میں وقت لگ رہا ہے لیکن چاہتے ہیں کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔
ڈائریکٹر میڈیا پی سی بی نے کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی گئی ہے جو اس معاملے کو دیکھ رہی ہے، میں اس سے علیحدہ ہوگئی ہوں۔
عالیہ رشید کا کہنا تھا کہ انضمام الحق نے ایک انٹرویو میں کہا ہے ان کا کمپنی سے تعلق تھا، طلحہٰ، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور انضمام الحق سمیت چار افراد متعلقہ کمپنی کے پارٹنرتھے، کمیٹی کی جانب سے انضمام الحق کوبلایا جائے گا، رضوان کا کوئی قصورنہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انضمام الحق کی اسٹوری میڈیا نے اٹھائی جس کا کریڈٹ میڈیا کوجاتا ہے۔