اسلام آباد: نگران حکومت کی جانب سے رجسٹرڈ افغان مہاجرین سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں حکومت نے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے رجسٹریشن کارڈ کی مدت کو 6 ماہ تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نگران وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری دے دی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پی او آر میں توسیع کا اطلاق رجسٹرڈ افغان مہاجرین انکے اہل خانہ پر ہوگا، وزارت خارجہ اور داخلہ نے پی اوآر کی مدت بڑھانے کی سفارش کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی او آر میں توسیع کا اطلاق یکم جولائی 2023 سے 31 دسمبر 2023 کیلئے ہوگا، رجسٹرڈ افغان مہاجرین کیلئے رجسٹریشن کارڈ کی مدت 30 جون 2023 کو ختم ہوگئی تھی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد 13 لاکھ سے زیادہ بنتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کا مختلف طریقوں سے وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، اب تک لاکھوں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی ہو چکی ہے۔