ریاض: ترکیہ صدر رجب طیب اردوان نے غزہ میں جنگی جرائم پر اسرائیلی حکام کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے تنازع پر دنیا کی خاموشی کو شرمناک قرار دے دیا۔
حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ پر سعودی عرب میں عرب اسلامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلمان ممالک کے حکمرانوں نے شرکت کی اور غزہ پر اسرائیلی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ غزہ کی صورتحال پر مشترکہ عرب اسلامی اجلاس بلانے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے شکر گزار ہیں، فلسطین میں اسرائیلی مظالم کبھی نہیں بھولیں گے جہاں خواتین اور بچوں سمیت 12 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔
https://youtu.be/j_NqH0xrn6Y
ترکیہ صدر نے کہا کہ معصوم بچوں کی لاشیں اسپتالوں اور غزہ کے علاقوں میں دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، پیرس میں چند افراد کی ہلاکت پر عالمی برادری متحد ہوگئی تھی، غزہ میں ناانصافی پر خاموش رہنے والے خود بھی شریک جرم ہیں جبکہ اسرائیلی بمباری پر دنیا بھر کی خاموشی شرمناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قابض فوج نے فلسطینی بھائیوں پر ظلم کی انتہا کر دی ہے، غزہ کے اسپتال معصوم بچوں کی لاشوں سے بھر گئے ہیں۔
اردوان نے کہا کہ غزہ میں جنگی جرائم پر اسرائیلی حکام کو کٹہرے میں لایا جائے، اسرائیلی حکام غزہ میں ہونے والے مظالم کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل کیلیے عالمی امن کانفرنس بلائی جائے تاکہ مسئلے کا پرامن حل تلاش کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے جوہری ہتھیار خطے کیلیے خطرہ ہیں۔