بھارت میں 11 سالہ لڑکے ابھے سنگھ نے اپنے قتل کیس کی سماعت کے دوران اچانک سپریم کورٹ میں پیش ہو کر سب کو حیران کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ابھے سنگھ کے والد نے اس کے نانا کے خلاف بیٹے کے قتل کا مقدمہ درج کروایا تھا، تاہم لڑکا مقدمے کو غلط ثابت کرنے کیلیے الہ آباد ہائی کورٹ بینچ کے سامنے پیش ہوا لیکن اسے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت دی گئی۔
جمعے کو اس نے ڈویژن بینچ کے سامنے پیش ہو کر ثابت کیا کہ وہ ابھی زندہ ہے۔ اس پر سپریم کورٹ نے اتر پردیش حکومت اور پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
عدالت نے حکم دیا کہ تاحکم ثانی ابھے سنگھ اور اس کے رشتے داروں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔
ابھے سنگھ نے عدالت میں کہا کہ میں بالکل محفوظ ہوں اور اپنے نانا اور نانی کے ساتھ رہ رہا ہوں۔ اس نے بتایا کہ پولیس والے گھر آ کر ہمیں دھمکاتے ہیں، میں نانا نانی کے ساتھ ہی رہنا چاہتا ہوں۔
11 سالہ لڑکے کے وکیل نے کہا کہ ابھے سنگھ اپنے نانا نانی کے ساتھ 2013 سے رہ رہا ہے کیونکہ اس کا والد اس کی والدہ پر تشدد کرتا تھا اور مزید جہیز کا مطالبہ کر رہا تھا۔
کیس کی مزید سماعت آئندہ سال جنوری میں ہوگی۔