’ورلڈ کپ ختم ہونے کے بعد کسی کو قربانی کا بکرا نہیں بنانا چاہیے‘

قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ ختم ہونے کے بعد کسی کو قربانی کا بکرا نہیں بنانا چاہیے۔

اے آر وائی نیوز کی اسپورٹس اسپیشل ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان اظہر علی نے کہا کہ ورلڈکپ ہارنے کے بعد ہمیشہ ری بلڈنگ پروگرام شروع کردیتے ہیں جس پر درست طریقے سے عمل نہیں کیا جاتا۔

اظہر علی نے کہا کہ قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے تیار ہی نہیں کیا گیا تھا، ٹیم کی خامیوں کو مرحلہ وار درست کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تین ورلڈ کپ سے کچھ نہیں سیکھا، ویژن پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

بابر کی کپتانی سے متعلق اظہر علی نے کہا کہ کپتانی کے بارے میں بابر اعظم بہتر فیصلہ کرسکتے ہیں، وہ ٹیم کی بہتری سے متعلق فیصلہ کریں۔

اظہر علی نے کہا کہ قومی ٹیم کے مسائل رہیں گے تو آئندہ کپتان بھی ناکام ہوگا۔

ورلڈ کپ کے 44ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی 93 رنز سے شکست دے دی۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 338 رنز کے تعاقب میں 244 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں صرف چار میچ جیت سکی، قومی ٹیم نے بنگلہ دیش، سری لنکا، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ کو ہرایا، بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، افغانستان، انگلینڈ کیخلاف ٹیم ناکام رہی۔